ترواننت پورم،15؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) کیرلا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے ہفتہ کے روز شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے بارے میں اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کیرلا میں اس قانون پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا-
دراصل، حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سی اے اے کے حوالے سے ایک نیا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری ٹیکہ کاری مہم ختم ہونے کے ساتھ ہی اس قانون پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا - پنارائی ہفتہ کے روز ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے جاری انتخابی مہم کے پروگرام میں شرکت کر رہے تھے-
انہوں نے کہا کہ ”وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وہ کووڈ ویکسی نیشن مہم کے خاتمے کے بعد سی اے اے پر عمل درآمد شروع کردیں گے- ہم اپنا مؤقف پہلے ہی واضح کر چکے ہیں - یہ حکومت کیرلا میں اس آفت کو نہیں آنے دے گی-“انہوں نے کہا کہ ”ہمیں بتایا گیا ہے کہ بحیثیت ریاستی حکومت ہم کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم اس پر عمل نہیں کریں گے؟ ہم احتجاج کر رہے ہیں - ہم یہاں سی اے اے کو نافذ نہیں کریں گے-“
خیال رہے کہ امیت شاہ نے حال ہی میں مغربی بنگال میں ایک ریلی میں مٹوا برادری کے ہندو تارکین وطن کو یقین دلایا تھا کہ ویکسی نیشن مہم کے بعد سی اے اے نافذ کرنا شروع کر دیا جائے گا- پارلیمنٹ میں اس قانون کے منظور ہونے کے بعد اس کے خلاف ملک بھر میں ہو رہے مظاہروں کے درمیان کیرلا کی کمیونسٹ حکومت نے کہا تھا کہ وہ اس قانون کو اپنی ریاست میں نافذ نہیں کرے گی- پنارائی وجین کی حکومت وہ پہلی ریاستی حکومت بنی تھی جس نے اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا-